27 نومبر 2019 - 04:39
امریکی پابندیاں مسترد، ہندوستان چابہار پورٹ کی توسیع میں شامل رہے گا

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے ایک رپورٹ میں کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیوں کے باوجود نئی دہلی تہران کے ساتھ چابہار بندرگاہ کی توسیع میں شامل ہے۔

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ ہندوستان سے شائع ہونے والے روزنامہ اکونومک ٹائمز نے منگل کو اس ملک کی وزارت خارجہ کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ نئی دہلی نے چابہار بندرگاہ کے شہید بہشتی جیٹی کے پہلے فیز کے توسیعی منصوبے میں شمولیت اختیار کی تھی اور بندرگاہوں سے متعلق ہندوستان کی بین الاقوامی کمپنی نے دسمبر دوہزار اٹھارہ سے اس جیٹی کے آپریشنل کنٹرول کی ذمہ داری سنبھال رکھی ہے اور اس جیٹی پر آنے والے مال اور کھیپوں کو مینیج کر رہی ہے۔

ہندوستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے مزید کہا کہ افغانستان نے بھی اس بندرگاہ سے استفادہ کرنا شروع کردیا ہے اور وہ فروری سے اب تک پانچ کھیپ چابہار بندرگاہ سے ہندوستان بھیج چکا ہے۔ ایران کی چابہار بندرگاہ بحیرہ عمان کے کنارے پر واقع ہے جس سے افغانستان تک ہندوستان کی رسائی آسان ہوجاتی ہے۔ نئی دہلی نے چابہار بندرگاہ کی توسیع کے لئے پانچ سو ملین ڈالر اور ایران میں ریلوے اور سڑکوں کی تعمیر کے لئے ایک اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا معاہدہ کیا ہے۔ چابہار بندرگاہ کے پہلے فیز کا افتتاح دسمبر دوہزار سترہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر حسن روحانی نے کیا تھا۔



/129